اسلام آباد(اے این این ) حکومت نے ایم کیو ایم پاکستان کو بجٹ منظور ہونے سے پہلے ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ایم کیو ایم پاکستان پر مہربان ہیں اور اپنی اتحادی جماعت کو بجٹ کی منظوری سے پہلے ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ خوش بخت شجاعت، امین الحق اور اقبال محمد علی میں سے کسی ایک کو وفاقی وزیر بنایا جائے گا، وزارت کے قلمدان کی حتمی منظوری وزیراعظم
عمران خان جلد دیں گے۔قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان کے 6 ارکان ہیں جب کہ اس وقت کابینہ میں ایم کیو ایم پاکستان کی نمائندگی خالد مقبول صدیقی اور بیرسٹر فروغ نسیم کررہے ہیں، مزید ایک وزارت ملنے پر کابینہ میں ایم کیو ایم کے وزرا کی تعداد 3 ہوجائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ جس کے بعد ایم کیو ایم کو مزید ایک وزارت دینے کی خبریں بازگشت کررہی تھیں۔