اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایل این جی کوٹہ کیس میں نیب کی جانب سے گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی پرسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی ضمانت کی درخواست نمٹا دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بنچ نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی
ایل این جی کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب نے ملزم کو گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے۔ وہ انکوائری میں شامل ہو رہے ہیں اور تعاون کر رہے ہیں اس لیے انہیں گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے نیب کے بیان پر درخواست ضمانت نمٹا دی۔