کراچی (این این آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران جائیدادوں کی قیمتیں بڑھنے کے باعث پراپرٹی ٹیکس وصولی میں 58فیصد کی افزائش حاصل کرلی ہے۔ وفاقی وزارت خزانہ کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تامارچ کے دوران 7 ارب60 کروڑ روپے کا پراپرٹی ٹیکس وصول کیا گیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پراپرٹی ٹیکس کی وصولی4ارب81کروڑ 70لاکھ روپے رہی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے فروری 2019 میں ودہولڈنگ ٹیکس زیادہ وصول کرنے
کی غرض سے جائیدادوں کی قیمتوں میں 20فیصد اضافہ کیاتھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے صوبوں کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس وصولی کی مانٹیرنگ بڑھا کر زیادہ ٹیکس حاصل کیاہے۔ صوبائی حکومتوں نے اپنی ویلیو ایشنز پرپراپرٹی ٹیکسز وصول کیے ہیں۔ ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ ایف بی آر میں ڈائریکٹوریٹ کے قیام سے عوام میں خوف پیدا ہوا ہے اور وہ اپنی جائیدادوں کی قیمتیں مارکیٹ قیمتوں کے قریب بڑھا کے ظاہر کر رہے ہیں۔صوبوں نے اپنی قیمتیں کم متعین کی ہیں لیکن جائیدادوں کی خریدوفروخت بڑھنے سے پراپرٹی ٹیکس زیادہ وصول ہورہاہے۔