راولپنڈی( آن لائن) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل شاہین 2 کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے میزائل کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ شاہین 2، 1500 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے اور روایتی و ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ میزائل تجربے سے پاکستان کی خطے میں کم از کم مزاحمت برقرار رکھنے کی صلاحیت بڑھی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامیاب میزائل تجربہ کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ تجربے کا مقصد مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ بحیرہ عرب میں کیے جانے والے شاہین ٹو تجربے کا ڈائریکٹر جنرل اسٹریجکٹ پلان ڈویڑن نے مشاہدہ کیا جبکہ کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ چیئرمین نیسکام، اسٹرٹیجک، سائنسدانوں اور انجنیئرز نے تجربے کا مشاہدہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے بھی سائنسدانوں کو کامیاب تجربے پر تہنیتی پیغام بھجوائے۔