لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب بھر کے اضلاع میں لگائے جانے والے رمضان بازاروں میں صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی کے دوروں کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اس سلسلے میں پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے پوچھا گیا ہے کہ وہ بتائیں کہ رمضان بازاروں میں کن وزراء اور ارکان اسمبلی نے دورہ کیا اور انہوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم
رکھنے کے لئے کیا کردار ادا کیا، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے احکامات کی روشنی میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء اور ارکان پنجاب اسمبلی کو ہدایات جاری کر رکھی تھیں کہ وہ اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں لگائے گئے رمضان بازاروں کا دورہ کریں اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کردار ادا کریں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے طلب کردہ رپورٹ وزیراعظم کو بھجوائی جائے گی۔