لاہو ر(این این آئی) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اپنی آخری حدوں کو چھو رہی ہے جبکہ حکومتی ترجمان ڈھٹائی سے کہہ رہے ہیں کہ ملک میں مہنگائی کم ہوئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک انوکھے لاڈلے کے حوالے کر دیا گیا جس نے معیشت تباہ کر کے رکھ دی،ملک چلانا انوکھے لاڈلوں کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی پہلی معاشی ٹیم کی ناکامی کے بعد پی ٹی آئی ایم ایف
کی ٹیم لائی گئی ہے۔حکومت کا حال آئے اور بیٹھے بھی نہیں کہ نکالے گئے والا ہو چکا ہے۔ڈالر روزانہ کی بنیاد پر مہنگا ہو رہا ہے اور اشیا ضروریہ عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔عام آدمی کی چیخیں نکل رہی ہیں اور حکومتی ترجمان کہتے ہیں مہنگائی کم ہو گئی ہے۔روپیہ چند دنوں میں چالیس فیصد سے زیادہ گر چکا حکومت سنجیدہ ہونے کو تیار نہیں۔ڈالر کی قیمت کنٹرول میں رکھنے کے وزیراعظم کے دعوے ہوا میں اڑ گئے ہیں۔