اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس اچانک غیر معینہ مدت تک ملتوی کیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر کی صدارت میں اپوزیشن اور حکومتی نمائندوں کے اجلاس میں اجلاس 24 مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ،قومی اسمبلی ترجمان کی جانب سے اجلاس کے دورانئے میں اضافے کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا مسودہ صدر
کو روانہ کردیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایاکہ صدر اسی روز ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آرڈیننس جاری کریں گے۔ ذرائع نے بتایاکہ سینیٹ یا قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران صدارتی آرڈیننس جاری نہیں ہوسکتا۔ ذرائع نے بتایاکہ آرڈیننس کے متوقع اجرا کے پیش نظر دونوں ایوانوں کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ اکیس مئی کو طلب کیا جائیگا۔ ذرائع نے بتایاکہ اکیس مئی کو ہونے والے اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آرڈیننس ایوان کے روبرو رکھا جائیگا۔