لاہور(سی پی پی )آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف خاندان کو دیئے گئے سوالات کے جواب کے لیے نیب لاہور نے دوبارہ مراسلہ لکھ دیا ہے، 17اپریل کو بھیجے گئے سوالنامے کے جواب 5 روز میں جمع کرانے تھے لیکن تاحال جواب جمع نہیں کرائے گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈنگ میں تحقیقات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف فیملی کو طلبی کے نوٹسز بھیجے گئے تھے جو چیئرمین نیب جاوید اقبال کی جانب سے معطل کرتے ہوئے شہباز شریف کی فیملی کو سوال نامہ بھیجنے کی ہدایت کی گئی، نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف فیملی سے ذرائع آمدن اور تحائف کی تفصیلات مانگی تھیں۔نیب کی جانب سے شہباز شریف کی اہلیہ بیگم نصرت شہباز بیٹی جویریہ اور را بعہ سے بینک اکائونٹ کے ذریعہ اب تک کی ٹرانزیکشنز اور فارن کرنسی اکائونٹ سمیت جائیداد کی تفصیلی جواب مانگا تھا۔ دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ بیگم نصرت شہباز بیرون ملک ہیں 25 دن گزرنے کے باوجود تاحال جوابات جمع نہیں کرائے گئے، نیب لاہور نے شہباز شریف کی فیملی کو سوال نامہ کے جوابات کے کے لئے دوبارہ مراسلہ لکھ دیا ہے۔