اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعہ کو رہنما (ن)لیگ کے بیان پر مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ تین دن میں معافی مانگیں۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے معافی نہیں مانگی تو ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کروں گی۔قبل ازیں ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم جانتی ہے سارے چور شور مچا رہے ہیں، ابھی اور مچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں جو قوم کی امید ہیں، چیخیں ان کی نکل رہی ہیں جو ملک کو آئی ایم ایف تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں، چیخیں ان کی نکل رہی ہیں جو لٹیرے ہیں، ان کا مال انہیں رْلا رہا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول صاحب آپ کی پرفامنس کی قیمت سندھ کے بچے اپنی جانوں سے ادا کر رہے ہیں، اسلام آباد میں شور کے بجائے بلاول کو سندھ کے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کے ساتھ ہونا چاہیے۔مشیر اطلاعات کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس باجی چیخیں ان بسوں کی بریکوں کی نکل رہی ہیں جو آپ وزارت سے جاتے ہوئے ساتھ لے گئی تھیں، فردوس باجی آپ کی حکومت کی پالیسی کے مطابق چیخیں تو عوام کی نکل رہی ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس باجی چیخیں آپ کی نکل رہی ہیں کیونکہ ابھی تو نوکری شروع ہوئی اور جلد ختم ہونے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ فردوس باجی چوتھا ہفتہ گزر رہا ہے سرکاری بسوں اور دوائیوں میں مصنوعی اضافے کا جواب نہیں آیا، فردوس باجی چیخیں آپ کی نکل رہی ہیں کیونکہ آپ کے نئے باس نااہل اور نالائق ہیں۔