اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ای ویزہ کا کامیاب اجراء ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے، آن لائن ویزہ سہولت سے ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات پر قابو پایا جا سکے گا ۔ای ویزہ ،آن لائن ویزہ سہولت کے حوالے سے چیئرمین نادرہ عثمان مبین نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ
آن لائن ویزہ کی سہولیات مکمل طور پر تمام مشنز میں آپریشنل ہو چکی ہیں – انہوںنے کہاکہ ای ویزہ سہولت کے آغاز سے اب تک ہمیں 1946 آن لائن ویزہ کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں 1152 درخواست کنندگان کو ویزے جاری کر دیئے گئے – 560 درخواستوں پر کارروائی جاری ہے جبکہ 95 درخواستوں کو مختلف تکنیکی وجوہات کی بنا پر رد کر دیا گیا ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ای ویزہ کا کامیاب اجراء ہماری حکومت کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ویزوں کے بروقت اجراء اور شفافیت کے عنصر کو یقینی بنانے کیلئے ای ویزہ سہولت متعارف کروائی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ آن لائن ویزہ سہولت سے ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات پر قابو پایا جا سکے گا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چیرمین نادرہ عثمان مبین اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔