لاہور( این این آئی) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی اورگیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے ، عوام دشمن ٹیکسوں کو قبول نہیں کرتے اوراس کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی مفادات کی چراگاہ نہیں بننے دے سکتے، عوام کو اپنے حقوق کے لئے آگے بڑھنا ہوگا،ملکی معیشت، خزانہ اور اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے حوالے کرنے کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے
صارفین کے لئے سبسیڈیز ختم کرنے سے مہنگائی کا بدترین سونامی آئے گا۔برآمدی صنعت کو بجلی اور گیس پر رعایت ختم کرنے سے پاکستان کی برآمدات کا مزید بھٹہ بیٹھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غربت مٹانے نہیں غریب مٹانے کا ایجنڈا لے کر آئی ہے ۔ملک میں تحریک انصاف کی حکومت عملاًختم ہوچکی ہے ،عمران خان کٹھ پتلی ہے، سارا اختیار آئی ایم ایف کے پاس چلا گیا ہے ۔کسی معاشی پالیسی کے بغیر محض ٹیکس لگانے سے معیشت چلے گی نہ عوام کی زندگی کی پہیہ چلے گا۔