اسلام آباد(آن لائن ) سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت مخالف تحریک چلانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب حکومت کے خلاف سیاسی تحریک ہر حال میں چلے گی پاکستان نے آئی ایم ایف ملازم کو گورنر لگا کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔ حفیظ شیخ پیپلزپارٹی کیلئے جیل میں نہیں گئے۔
ٹیکنوکریٹ کسی کے بھی نہیں ہوتے ۔ ان خیالات کا اظہار آصف علی زرداری نے بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا جہاں پر ان کی چھوٹی صاحبزادی عاصفہ بھٹو بھی ہمراہ تھی ۔سابق صدر نے حکومت مخالف تحریک کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اب حکومت کے خلاف سیاسی تحریک تو ہر حال میں چلے گی ۔لیکن اصل سوال یہ ہے کہ یہ تحریک کب چلائی جائے گی لیکن لگتا ہے کہ کہیں خان صاحب خود این آر او نہ دے دیں ۔ایک اور سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک لگانا پاکستان کی بھول ہے ۔ملک کی معاشی تاریخ میں یہ بات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی کیونکہ پاکستان نے آئی ایم ایف ملازم کو گورنر لگا کر بہت بری غلطی کی ہے۔ حفیظ شیخ کی مشیر خزانہ تعیناتی پر آصف زرداری نے کہا کہ یہ ٹیکنوکریٹ کسی کے بھی نہیں ہوتے حفیظ شیخ پیپلزپارٹی کیلئے جیل نہیں گئے تھے نواز شریف کی خاموشی توڑنے کے سوال کے جواب میں آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے ماشاء اللہ کا جواب دیا۔