اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق حکمران جماعت مسلم لیگ (ن )سے متعلق سینئر صحافی سلیم صافی کا کہنا ہے کہ ”المیہ یہ ہے کہ ایک ہوکر بھی شریفین ایک نہیں۔میاں نوازشریف سیاست تو کرسکتے ہیں لیکن حکومت نہیں چلاسکتے اور میاں شہباز شریف حکومت چلاسکتے ہیں لیکن سیاست نہیں کرسکتے۔
میاں نوازشریف کو بہترین سیاست کاری کے نتیجے میں تین مرتبہ حکومت ملی لیکن اسے ایک مرتبہ بھی کامیابی سے نہیں چلاسکے۔اسی طرح میاں شہباز شریف ہر مرتبہ بہترین منتظم ثابت ہوئے لیکن جب بھی سیاست کی مہار ان کے ہاتھ میں آئی وہ ناکام سیاستدان ثابت ہوتے رہے۔ اب کی بار تو حادثہ یہ ہوا کہ میاں نوازشریف نے اپنے بیانیے سے میاں شہباز شریف کی حکومت کا اور میاں شہباز شریف نے اپنے رویے سے میاں نوازشریف کی سیاست کا راستہ بند کردیا۔میاں نواز شریف ضد سے کام لے کر اپنے بیانیے پر اصرار نہ کرتے تو میاں شہباز شریف کی حکومت ختم نہ ہوتی بلکہ آج وہ وزیراعظم ہوتے۔کسی اور کو الزام دینا مناسب نہیں بلکہ اس گھر کو گھر کے چراغ سے ہی آگ لگی۔ میاں نوازشریف نے میاں شہباز شریف اور میاں شہباز شریف نے میاں نوازشریف کو اس انجام سے دوچار کیا۔ نوازنے شہباز کی حکمت عملی کو کامیاب نہیں ہونے دیا تو شہباز نے نواز شریف کے بیانیے کو ناکام بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ آخروہ فوج کوئی جنگ کیسے جیت سکتی ہے جس کا چیف دشمن کو للکاررہا ہو لیکن اس کا چیف آف جنرل اسٹاف لڑائی کے نقصانات بیان کرکے دن رات دشمن کی قدم بوسی میں لگا ہوا ہو۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے یہ غلط طریقہ اختیار کیا اور جنگ ہار گئے۔