کراچی (این این آئی)قومی ایئرلائن کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کردی، مسافر کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر طیارے کو ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لے آیا۔تفصیلات کے مطابق باکمال لوگوں کی لاجواب مثال کے مصداق پی آئی اے کے کپتان نے انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کردی، اسلام آباد سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے741پر سفر کرنے والے مسافر کو اس کی والدہ کے انتقال کی خبر ملی۔
مسافر والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دھاڑیں مار مار کر رونے لگا، طیارہ اپنی منزل کی جانب جانے کیلئے ٹیک آف کرنے ہی والا تھا کہ اس دوران کپتان کو فضائی میزبان نے بتایا کہ مسافر کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے ۔جس پر کپتان انسانی ہمدردی کے تحت طیارے کو ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لے آیا، مسافر فیصل آباد کا رہائشی تھا اسے آف لوڈ کردیا گیا، مسافر کے آف لوڈ ہونے کے بعد طیارے کو جدہ روانہ کردیا گیا۔