لاہور ( آن لائن ) ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں سے مزید 8 چینی لڑکے گرفتار کر لیے، شادی سیکنڈل میں ملوث اب تک دس چینی لڑکوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے بشیر میمن کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر جمیل میو کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں واقع ڈیوائن ہومز اور ائیر پورٹ روڈ سے مزید 8 چینی لڑکوں کو گرفتار کر لیا ، گرفتار ملزمان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ایف آئی اے کے مطابق چینی نوجوان پاکستانی میرج بیور اور ایجنٹس سے مل کر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر تے تھے۔ شادی کے بعد ان لڑکیوں سے غیر قانونی کام کروایا جاتا تھا، اس بات کے بھی شواہد ملے ہیں کہ لڑکیوں کے اعضا بھی نکالے گئے۔ ایف آئی اے اس سکینڈل میں اب تک مجموعی طور پر 10 چینی لڑکوں کو گرفتار کر چکی ہے۔اس سے قبل منڈی بہاؤالدین میں لڑکی سے شادی کرنیوالے چینی لڑکے کی سفری دستاویزات تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ چینی لڑکوں کی جانب سے مسلمان ہونے کا سرٹیفکیٹ دکھا کر مسلمان لڑکیوں سے شادیوں کا معاملہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے معاملے کے قانونی پہلوؤں کو دیکھ رہے ہیں۔ تما م گرفتار چینی باشندوں کو نا معلو م مقام پر منتقل کر کے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔ تفتیش کے بعد مزید گرفتاری بھی توقع کی جا رہی ہے ۔