اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کب تک حکومت کی نااہلی برداشت کی جائے گی، حکومت کو اپنی معاشی پالیسی کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلیک منی وائٹ کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم لائی جا رہی ہے،
امیروں کے لیے ایمنسٹی سکیم اور غریبوں کے لیے مہنگائی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نو ماہ عوام کا وقت ضائع کیا۔ قرضوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے، بوجھ ڈالنا ہے تو جہانگیر ترین جیسے لوگوں پر ڈالا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو کچھ نہیں دیا ان کی سبسڈی بھی ختم کی جا رہی ہے، پارلیمنٹ میں لائے بغیر آئی ایم ایف ڈیل کو عوام نہیں مانیں گے، حکومت قرضہ لینے پر خوشی مناتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہاکہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دے۔ پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دیا تھا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا، پیپلز پارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ جیسا انقلابی پروگرام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے، ملک میں نیب کا کالا قانون نہیں چل سکتا۔ بے نامی اکاؤنٹس میں حکومت کی دوغلی پالیسی نہیں چل سکتی، سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات بنیں گے تو مذاق اڑے گا۔صدارتی نظام، 18 ویں ترمیم اور ملٹری کورٹس پر موقف نہیں بدلیں گے۔چھوٹے تاجروں کو ایسے تنگ کیا گیا تو معیشت کیسے چلے گی؟ ملک میں بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کب تک حکومت کی نااہلی برداشت کی جائے گی، حکومت کو اپنی معاشی پالیسی کا جائزہ لینا چاہیے۔