اسلام آباد(آن لائن) بیرون ملک سے ترسیلات زر وصول کرنے والے ٹاپ ٹین ممالک میں پاکستان کا ساتواں نمبر ہے، رواں مالی سال (2018-19ء ) کے پہلے 8ماہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 14 ارب 35 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں،یہ ترسیلات زر پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 6.9 فیصد کے مساوی ہیں۔ قانونی ذرائع سے رقوم کی منتقلی اور حوالہ اور ہنڈی کی حوصلہ شکنی کیلئے حکومت نے پاکستان ریمیٹینس انیشیٹو (پی آر آئی) کا آغاز کیا ہے جس سے ترسیلات زر اور وصول کرنے والوں
کیلئے متعدد مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سات سال کے دوران بیرون ملک سے 120 ارب ڈالر پاکستان بھیجے گئے ہیں جس میں سے سعودی عرب سے 34.4 ارب ڈالر، یو اے ای سے 26 ارب ڈالر، امریکہ سے 17.4 ارب ڈالر جبکہ دیگر خلیجی ممالک سے 14ارب ڈالر بھجوائے گئے ہیں۔ پی آر آئی کی سہولت سمیت قانونی ذرائع سے رقوم کی منتقلی کیلئے دیگر کئی سہولیات بھی دستیاب ہیں جن کی مدد سے باآسانی رقوم بھیجی اور وصول کی جاتی ہیں۔