لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی دستاربندی کی تقریب بارتھی میں منعقد ہوئی۔ بلوچ قبائل کے نمایاں سرداروں نے سردار عثمان بزدار کی دستار بندی کی۔ بزدار قبیلے کے مقدمین اور معززین نے بھی سردار عثمان بزدار کی دستار بندی کی جس کے بعد سردار عثمان بزدار، بزدار قبیلے کے سربراہ مقرر ہو گئے۔ تقریب میں سندھ، بلوچستان اور کوہ سلیمان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے بزدار قبیلے کے معززین شریک ہوئے۔
قیصرانی قبیلے کے میر بادشاہ قیصرانی، دریشک قبیلے کے سردار احمد خان دریشک، لنڈ قبیلے کے جاوید لنڈ، مری قبیلے کے میر بہار خان مری، جعفر قبیلے کے الطاف خان جعفر، رند قبیلے کے میر عباس خان رند اور دیگر بلوچ قبیلوں کے سرداروں اور ممتاز شخصیات کے علاوہ ہزاروں قبائلیوں نے دستاربندی کی تقریب میں شرکت کی۔ مہمانوں کی روایتی بلوچی ڈش”چھتری“ اور”تریت“ سے تواضع کی گئی۔ صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے دعا کرائی۔معروف روحانی شخصیت سید رفیق شاہ نے سردار عثمان بزدار کے سر پر روایتی بلوچی پگ رکھی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے ”آس روٹی“ کی رسم کا انعقاد کیا گیا اور سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے قران خوانی بھی کی گئی۔مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ مولانا شفیق الرحمن آزاد نے دعا کرائی۔ بلوچستان کے وزیر صحت میر نصیب اللہ خان مری، وزیر مملکت زرتاج گل اور رکن قومی اسمبلی خواجہ شیراز، خواجہ حامد تونسوی اور معززین علاقہ نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بزدار قبیلے کا سربراہ بننے پر علاقے میں دن بھر خوشی کا سماں رہا۔ بزدار چیف کی دستاربندی کی تقریب میں ہزاروں قبائلیوں نے شرکت کی۔ کوہ سلیمان کی خشک پہاڑیوں سے لوگ پیدل، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ہجوم کی صورت میں تقریب میں شرکت کیلئے آتے رہے۔
بستی سردار قلات بارتھی میں ہر طرف عید کا سماں تھا۔ دستار بندی کی تقریب میں شرکت کیلئے مہمانوں کی آمد صبح سویرے ہی شروع ہو گئی۔5 فٹ لمبے توے پر بلوچ روایت کے مطابق نرم اور پتلی روٹیوں کی پکوائی کی گئی۔ نرم اور پتلی روٹیوں کے چھوٹے ٹکڑے بھیڑ کے گوشت میں ڈال کر ”تریت“ بنایا گیا۔ اس موقع پر خاص بلوچ ڈش ”چھتری“ بھی بنائی گئی۔ بھیڑ کے ابلے ہوئے گوشت کو 12 ٹکڑوں میں کاٹ کر پیش کی جانے والی ڈش کا نام ”چھتری“ ہے۔ بلوچ روایت کے مطابق قبائلی عوام جانور خود ذبح کرکے کھانا تیار کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو دستار بندی کے دوران سینکڑوں پگڑیاں پہنائی گئیں۔روایات کے مطابق جمع ہونے والی پگڑیوں کا کپڑا غریب اور مستحق لوگوں میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ وزیراعلیٰ کے والد سردار فتح محمد خان بزدار مرحوم 1983 میں بلوچ قبیلے بزدار کے سربراہ بنے تھے۔