کراچی(این این آئی) ملک کی نجی انٹرنیشنل لائن کا مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری و ٹیکس فرا ڈمیں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے ٹیکس فراڈ کا سراغ لگا کر نجی ہوائی کمپنی شاہین انٹرنیشنل ایئر لائن کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ اس ضمن میں دستیاب ایف آئی آر کی کاپی کے مطابق شاہین انٹر نیشنل ایئر لائن 95 کروڑ 50 لاکھ 55 ہزار روپے ٹیکس کی نادہندہ ہے
اور یہ وہ ٹیکس ہے جو شاہین انٹرنیشنل اپنے مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں کٹوتی کرتی رہی ہے مگر یہ رقم قومی خزانے میں جمع نہیں کروائی گئی۔ایف بی آر نے شاہین انٹرنیشنل کے خلاف ایف آئی آر درج کروادی ہے۔ ایف آئی آر لارج ٹیکس پئیر یونٹ کراچی نے درج کی ہے۔ ایف آئی آر انسپکٹر ان لینڈ ریونیو عرفان احمد کی شکایت پر درج کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شاہین انٹرنیشنل ایئر لائن نے مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کٹوتی کرکے قومی خزانے میں جمع نہیں کروائی۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ شاہین انٹرنیشنل ایئر لائن نے ابھی تک الیکٹرانیکلی سیلز ٹیکس ریٹرن بھی جمع نہیں کروائی۔ شاہین ایئرکے فضائی آپریشن پر واجبات کی عدم ادائیگی کی بنا پر لگ بھگ 5ماہ قبل پابندی لگادی گئی تھی،ایف بی آراور سول ایوی ایشن کے کروڑوں روپے واجبات کی وجہ سے شاہین ایئر کے ہیڈ آفس سمیت دیگر ذیلی دفاتر کو سیل بھی کیا گیا، شاہین کے خلاف درج مقدمے میں 7دفعات کا اندراج کیا گیا ہے۔ایف بی آر حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں ایف بی آر کے ماتحت اداروں نے ٹیکس چوری میں ملوث اداروں و انفرادی ٹیکس دہندگان کے خلاف مہم شروع کررکھی ہے اور ٹیکس چوری میں ملوث لوگوں سے ریکوری کی جارہی ہے جبکہ آڈٹ کے دوران جن ٹیکس دہندگان کے ذمہ واجبات نکل رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے اور ٹیکس ڈیمانڈ کے آرڈر جاری کئے جارہے ہیں۔