اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے میاں برادران اور چوہدری برادران کے خلاف مقدمات جلد نمٹانے کی ہدایت کر دی۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے خلاف رائیونڈ روڈ تعمیر سے متعلق کیس کی تحقیقات جاری ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے میاں برادران کے خلاف کیس نمٹانے کے لیے 31 مئی تک کی ڈیڈلائن دے دی۔اسی طرح چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات جاری ہیں۔دستاویزات کے مطابق نیب نے چوہدری برادران کے خلاف کیس نمٹانے کے لیے بھی 31 مئی تک کی ڈیڈلائن دی ہے۔خیال رہے کہ چئیرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے اور کرپٹ افراد کے خلاف کوئی رعایت نہ برتنے کی پولیسی پر گامزن ہیں۔ایک اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے 1 سو 79 انکوائریوں میں سے 1 سو 5 میں ریفرنس دائر کردیے ہیں۔چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ 15 مقدمات انکوائری اور 19 انویسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نیب کو 31 جنوری 2019 تک 4 لاکھ 19 ہزار 3 سو 98 بدعنوانی کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے نیب نے 13 ہزار 7 سو 22 شکایات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ تمام شکایت میں سے 8 ہزار 8 سو اکاسی انکوائریاں، 4 ہزار 2 سو انیس کی تحقیقات کی گئی جبکہ 3 ہزار 4 سو 84 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ عدالتوں میں دائر کئے گئے۔