پشاور(سی پی پی )وزیراعظم عمران خان کے لیے سانپ کی کھال سے بنی خصوصی چپل تیار کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے چپل ساز چاچا نور دین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے لیے عید کے تحفے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ چاچا نور دین سانپ کی کھال سے بنی چپل عید کے موقع پر تحفے کے طور پرپاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو پیش کریں گے۔
چپل بنانے والوں کا کہنا ہے کہ خان صاحب کو یہ چپل پسند آئے گی، ہم خان صاحب کے لیے چپل تیار کرنے کے لیے چمڑا خصوصی طور پر باہر سے منگواتے ہیں، ان کے لیے بنائی گئی چہل انتہائی آرام دہ ہوتی ہے۔ چاچا نور دین کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ ویسے تو ہم خان صاحب کو پشاوری چپل کا تحفہ دیتے ہیں لیکن یہ خاص تحفہ انہیں عید کے موقع پر دیا جائے گا جسے ابو خود اپنے ہاتھ سے تیار کریں گے۔ پشاوری چپل بنانے والے چاچا نور دین کے بیٹے نے بتایا کہ عمران خان زیادہ تر کیمل رنگ کی اور موٹے تلوے والی پشاوری چپل پہننا پسند کرتے ہیں۔ بابا نور نے کہا کہ وہ عمران خان کے کھلاڑی ہیں اور وہ ان سے بہت محبت کرتے ہیں ۔انہوں عمران خان کے لیے ان کی پسندیدہ کئی پشاوری چپلیں بنائی ہیں۔ خیال رہے کہ بابا نور اس سے پہلے عمران خان کے لیے پشاوری چپلیں بناتے رہے ہیں، انکی بنائی ہوئی ہی ایک چپل کو سوشل میڈیا پر کپتان چپل کا نام دیا گیا تھا جو پھر ہر جگہ کپتان چپل کے نام سے مشہور ہو گئی اور عمران خان سے محبت کرنے والے بہت سے لوگوں نے یہ چپل بنوائی اور اب ہر بڑے برانڈ پر بھی یہ چپل کپتان چپل کے نام سے ہی فروخت ہوتی ہے۔یہ چپل ہاتھ سے اور اصلی کھال سے بنائی جاتی ہے جس میں یا تو اعلی کوالٹی کا چمڑا یا پھر کسی جانور کی کھال کا استعمال کیا جاتا ہے۔