اسلام آباد (این این آئی) سری لنکا میں دہشتگردی کے واقعات میں چار پاکستانی زخمی ہوئے ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق واقعات میں تین خواتین معمولی زخمی تھیں جن کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے ڈس چارج کر دیاگیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایک پاکستانی مرد بھی زخمی ہوئے جن کے ٹیسٹ کرنے کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا گیا۔ ترجمان نے کہاکہ دفتر خارجہ مسلسل سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ساتھ رابطے میں ہے،مذکورہ زخمی خواتین کولمبو کے ہوٹل میں مقیم تھیں۔مہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں دختر چوہدری محمد ہمایوں ، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف تین معمولی زخمی ہوئیں۔دریں اثناء پاکستان نے سری لنکا میں تاریخ کی بدترین دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دکھ کی گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ وزیراعظم، وزیر خارجہ، حکومت اور عوام، سری لنکا میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسٹر پر سری لنکا میں دہشتگرد حملوں پر سوگوار ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم، وزیر خارجہ کی ہر قسم کی دہشتگردی کی پرزور مذمت کی۔پاکستان نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے تعاون، کاوشیں جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہاکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں، پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں سری لنکا کیساتھ کھڑا ہے