لاہور(سی پی پی )لاہور کی ماتحت عدالت نے پہلی بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے پر 3ماہ قید کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کو لاہور کی ماتحت عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ کاشف افتخار نے پہلی بیوی سے اجازت حاصل کئے
بغیر دوسری شادی کرنے کے مقدمہ کی سماعت کی۔درخواست گزار رابعہ یونس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کے شوہر شعیب زاہد نے اس کی مرضی اور اجازت کے بغیر انجم ریاض نامی خاتون سے دوسری شادی کر لی۔مسلم فیملی لارز آرڈیننس 1961کے تحت میرے خاوند کیخلاف دوسری شادی کرنے پر قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے شعیب زاہد کو 3ماہ قید اور 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی،جرما نے کی ادائیگی نہ کرنے پر مجرم کو مزید 15روز جیل میں گزارنے ہوں گے۔عدالت نے سی آر پی سی کے سیکشن تین سو بیاسی اے کے تحت مجرم کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں اور ایک شخصی ضمانت کے عوض فیصلے کیخلاف اپیل کرنے پر رہائی کا حکم دیا ہے،مچلکے جمع نہ کروانے کی صورت میں مجرم کو جیل کی سزا کاٹنا ہوگئی۔