گوادر(اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے جدید ترین سہولیات کے حامل گرین فیلڈ ہوائی اڈے ”نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ“ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر ژاﺅ جنگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراءاور ارکان پارلیمان کے ہمراہ گوادر پہنچے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منصوبہ جنوری 2014ءمیں
سی پیک پروگرام کے ترجیحی منصوبہ جات میں شامل کیا گیا تھا۔ چین کی حکومت نے گرانٹ معاونت کے تحت نئے ایئرپورٹ پر عملدرآمد کیلئے پاکستان کو معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ یہ منصوبہ بلوچستان کی مجموعی انفراسٹرکچر ترقی کا حصہ ہے۔ یہ ہوائی اڈہ اے 380 جیسے بڑے ہوائی جہازوں کیلئے بھی موزوں ہو گا۔ ایک جدید ٹرمینل عمارت بھی تعمیر کی جائے گی اور ابتدائی طور پر 30 ہزار ٹن سالانہ استعداد کا حامل کارگو ٹرمینل بھی دستیاب ہو گا۔