کراچی(سی پی پی) کراچی میں سکھن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ٹریفک پولیس اہلکارنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بجلی کے زائد بل بھرنے کیلئے ڈکیتی کرتا تھا۔ اس نے کہا کہ وہ شاہ لطیف ٹائون کا رہائشی ہے اور اس نے اپنے دوست بابر کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی 3 وارداتیں کی ہیں۔ پہلی واردات کورنگی کراسنگ پر کی جس میں چھینے جانے والے پرس سے ساڑھے چار سو روپے
نقد اور ایک چھوٹا موبائل فون ملا۔دوسری واردات شارع فیصل پر کی جس میں ایک موبائل فون چھینا تھا جبکہ تیسری ڈکیتی کی واردات گلستان جوہر میں کی تھی جس میں چھینے جانے والے پرس سے تقریبا 3 سے ساڑھے تین ہزار روپے نقد اور ایک چھوٹا موبائل فون ملا تھا۔واضح رہے کہ گرفتار ٹریفک پولیس کا اہلکار ماڈل کالونی ٹریفک سیکشن میں نائٹ منشی کی ڈیوٹی انجام دیتا تھا۔