کراچی(آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےمفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے نابینا بچوں کے علاج کرانے اور مفت تعلیم کا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہید ہونے والے سپاہی فاروق کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی،وزیراعلیٰ سندھ نے شہید سپاہی کے والد سے تعزیت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ شہید سپاہی فاروق کے تین بچے نابینا ہیں، وزیراعلیٰ نے شہید کے والد سے کہا کہ باپ کا
نعم البدل نہیں، ہم آپ کو بیٹے کی کمی محسوس ہونے نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے شہید سپاہی کے نابینا بچوں کو تعلیم دلوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بچوں کو ہم تعلیم سے آراستہ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو نابینا بچوں کے علاج کروانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ یہ بہت تکلیف دہ واقعہ ہوا ہے، ہمارے سپاہی نے اپنی جان دے کر دشمنوں کو سخت جواب دیا۔