لاہور ( این این آئی) سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد نے ملاقات کر کے صحت بارے دریافت کیا ،انکی صاحبزادی مریم نواز نے ملاقات کے بعد بتایا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ،انہیں انجائنا کی درد کی شکایت ہے ، ملاقات کے دوران بھی انہوں نے درد کو کم کرنے کیلئے سپرے کا استعمال کیا ۔
تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے انکی والدہ بیگم شمیم اختر ،بھائی شہباز شریف ، صاحبزادی مریم نواز سمیت خاندان کے دیگر افراد اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کر کے انکی صحت بارے دریافت کی ۔نواز شریف نے خاندان کے افراد کے ساتھ کھانا بھی کھایا ۔جبکہ نوازشریف کی والدہ نے کوٹ لکھپت جیل میں اپنے بیٹے کی رہائی اور صحت بارے دعا بھی کروائی۔طبیعت کی خرابی کے باعث نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان سے ملاقاتیں نہیں کیں تاہم کارکنان بڑی تعداد میں کوٹ لکھپت جیل پہنچے اور شریف خاندان کی آمد پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں ۔ کارکنان نے نوازشریف کی صحت یابی کے ساتھ جلد رہائی کیلئے بھی دعائیں کیں ۔قبل ازیں سابق وزیر اعظم نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم اختر نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف کی رہائی کے لئے پر امید ہوں کہ وہ جلد رہاہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف دل کا صاف انسان ہے اس لئے اس کیلئے رحمتیں برسیں گی۔میری دعائیں نوازشریف کے ساتھ ہیں، انشااللہ جلد رہائی ملے گی۔جبکہ ملاقات کے بعد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ ابھی والد سے ملاقات کر کے آئی ہوں ، نوازشریف کی ابھی بھی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور انہیں انجائنا کی درد کی شکایت ہے ، آج ملاقات کے دوران بھی انہوں نے درد کو کم کرنے کیلئے سپرے کا استعمال کیا ۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ مہربانی کر کے نواز شریف کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں ، آپ سب کا شکریہ ۔