اسلام آباد(سی پی پی) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے برطرفی کے خلاف سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ۔جسٹس مشیر عالم پانچ رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ
نے برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے، جسٹس مشیر عالم کو پانچ رکنی بینچ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ جسٹس طارق مسعود، جسٹس اعجاز الااحسن، جسٹس مظہر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ بینچ کے ارکان میں شامل ہیں۔لارجر بینچ 25 مارچ دوپہر ایک بجے برطرفی کے خلاف سابق جج شوکت عزیز صدیقی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 21 فروری کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کے خلاف ان چیمبر اپیل سماعت کے لیے منظور کی تھی11اکتوبر 2018 کو ججز کے خلاف شکایات کی سماعت کرنے والی سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے برطرفی اور سپریم جوڈیشل کونسل کی رپورٹ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تاہم رجسٹرار سپریم کورٹ نے ان کی درخواست پر اعتراضات عائد کئے تھے۔ شوکت عزیز صدیقی نے اعتراضات دور کرنے اور اپیل کی منظوری کے لیے درخواست دائر کی تھی۔