اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب)نے کہاہے کہ بلاول بھٹو زر داری اور آصف علی زر داری سے فی الحال تین مقدمات سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں ،مقدمات سے متعلق ایک تحریری سوالنامہ بھی دیا ہے ، سوالنامہ کے جوابات دس دنوں کے اندر نیب راولپنڈی کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو فراہم کئے جائیں،جوابات اور سوالنامہ کے ذریعے موصول ہونے والے جوابات کا قانو ن کے مطابق جائزہ لیا جائیگا۔
بدھ کو نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رکن قومی اسمبلی ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹوزر داری اور رکن قومی اسمبلی پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زر داری نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے جہاں پر نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے تک متعلقہ ڈی جی کی سربراہی میں فی الحال تین مقدمات سے متعلق سوالات پوچھے ۔بیان کے مطابق نیب کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم نے تین مقدمات سے متعلق ایک تحریری سوالنامہ بھی دیا اوران سے کہاہے کہ سوالنامہ کے جوابات دس دنوں کے اندر نیب راولپنڈی کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو فراہم کئے جائیں ان کے نیب راولپنڈی کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو دیئے گئے جوابات اور سوالنامہ کے ذریعے موصول ہونے والے جوابات کا قانو ن کے مطابق جائزہ لیا جائیگا اور ان کے نیب کو دیئے گئے جوابات اور سوالنامہ کے ذریعے موصول ہونے و الے جوابات کی روشنی میں ان مقدمات میں انہیں دوبارہ نیب میں بلانے کا فیصلہ کیاجائیگا۔ واضح رہے کہ یہ انکوائری براہ راست چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی نگرانی میں کی جارہی ہے نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنی تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے اور کسی دبائو کو خاطر میں لائے بغیرقانون کے مطابق ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنا کام جاری رکھے گا ۔