اٹک (این این آئی)اٹک میں امریکا پلٹ دو ڈاکٹروں کے قتل کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ مقتول ڈاکٹر افتخار کی زمینوں کی دیکھ بھال کرنے والا شخص ہی ان کے قتل میں ملوث ہے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر افتخار چند روز پہلے امریکا سے وطن واپس آئے تھے اور اسلام آباد کے علاقے چٹھہ بختاور میں رہائش پزیر تھے، اپنے ایک دوست ڈاکٹر عزیز کے ہمراہ اٹک کے علاقے گلی
جہانگیر میں اپنی جائیداد پر کام کرانے گئے مگر واپس نہ آئے۔پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر افتخار ڈاکٹر افتخار زمین بیچنا چاہتے تھے ،ملزم فضل حق نے کوشش کی کہ زمین اپنے نام کرالے، ملزم نے کاغذات پر ڈاکٹر کے دستخط بھی کرالیے تھے جس کے بعد اس نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ڈاکٹر ان کے ساتھی سمیت قتل کردیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز مرکزی ملزم فضل حق نے اعتراف کیا کہ ڈاکٹر افتخار اور ڈاکٹر عزیز طاہر کو اس نے قتل کردیا ہے اور اس کے ساتھ اس کے دو ساتھی ضابط خان اور گل خان بھی قتل میں شامل ہیں۔مقتول ڈاکٹر کے اہل خانہ نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی اور انہی کے شک کی بنیاد پر پولیس نے ملزمان کو موبائل فون کے ریکارڈ کی مدد سے حراست میں لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے ڈاکٹر افتخار اور ان کے ساتھی ڈاکٹر کے اغوا برائے تاوان کی جھوٹی کہانی بھی گھڑی، ملزمان کا موبائل فون ڈیٹا بھی ان کا جرم ثابت کرنے میں معاون ثابت ہوا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او )اٹک سید شہزاد ندیم کا کہنا ہے کہ ملزم نے زمین پر قبضے کے لیے جعلی کاغذات تیار کر کے ڈاکٹر افتخار سے دستخط بھی کرا لیے تھے جس کے بعد گرفتاری کے خوف سے اس نے دونوں ڈاکٹروں کو قتل کیا۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر دونوں لاشیں فارم ہاؤس کے جوہڑ سے تلاش کر کے ورثاء کے حوالے کر دی ہیں۔