لاہور(این این آئی ) پاکستان میں چینی یوآن میں کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ کے مقامی مکینزم میں توسیع ،بینک دولت پاکستان نے اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ کو پاکستان میں اپنا مقامی چینی یوآن کلیئرنگ اور سیٹلمنٹ سیٹ اپ قائم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینک دولت پاکستان کی جانب سے اجاز ت ملنے کے بعداب اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان، چینی یوآن میں ہونے والے لین دین، جیسے چین سے آنے اور جانے والی ترسیلات زر، کے
تصفیے میں سہولت کی خاطر پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں کے چینی یوآن میں کھاتے کھول سکتا ہے۔ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک چینی یوآن میں لین دین کے تصفیے کے لیے انٹربینک مارکیٹ میں چینی یوآن میں سیالیت بھی فراہم کرسکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک چین اور پاکستان کے درمیان تجارت اور فنانسنگ کی لین دین کے لیے مقامی کرنسی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی خاطر سازگار پالیسی اور ضابطہ کاری کے ماحول کی فراہمی میں پیش پیش ہے۔