اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو جیل بھرو تحریک فوری طور پر لاہور سے شروع کرنی چاہئے، بلاول بھٹو کی نواز شریف کوسندھ میں علاج کرانے کی پیشکش مذاق ہے، کوئی عدالتی اہلکار ہمارے زیر اثر نہیں ہے، نوازشریف اور زرداری کا مفاد ایک دوسرے سے جڑا ہواہے، سول ملٹری تعلقات کبھی اتنے اچھے نہیں رہے جتنے اب ہیں ،سب ادارے ایک پیج پر ہیں ، سیکیورٹی حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں ، افغان طالبان کے ساتھ
مذاکرات بہت اچھے جا رہے ہیں، کابل میں جو حکومت بنے گی اس کا یقینی طور پر ہمیں فائدہ ہو گا، وزیراعظم عمران خان (آج) جمعرات کو پانچ ممالک کیلئے ای ویزا سروس کا افتتاح کرینگے، بہت سے پاکستانی صحافی بھارتی انتخابات کی کوریج میں دلچسپی رکھتے ہیں انکو ویزے دینے کے حوالے سے ہم اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں ، یوکے کے شہریوں کیلئے ویزا فیس ساڑھے تین سو پاؤنڈ سے کم کر کے آٹھ ڈالر کر دی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح پاکستان آ سکیں،پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا ، جون تک ایف اے ٹی ایف کے ستر فیصد شرائط پوری کر دی جائیں گی ،فوجی عدالتوں کی توسیع کے لیے اپوزیشن سے رابطہ کرینگے ۔ وہ بدھ کو وزیراعظم آفس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی بھی موجود تھے ۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کل ہم نئی ویزا سروس متعارف کرا رہے ہیں چین ، ترکی ، ملائیشیا ، یو اے ای اور برطانیہ کے شہریوں کو ای ویزا جاری کیا جائیگا اس کے بعد ایک سو ستر ملکوں کیلئے ای ویزا کا اجراء کیا جائیگا جبکہ پچپن ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا آن آرئیول ہو گا ۔ یہ بہت بڑا فیصلہ ہے اگر پلوامہ واقعہ نہ ہوتا تو بھارتی صحافیوں کو بھی ویزا فری انٹری دی جاتی ۔ انہوں نے کہا کہ اب مغربی ممالک کے لوگ این او سی نہیں لینگے ۔ وہ ای ویزا کیلئے درخواست دینگے اور انہیں ویزا جار ی کر دیا جائیگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہت سے پاکستانی صحافیوں نے بھا رتی الیکشن کی کوریج میں دلچسپی ظاہر کی ہے ہم بھارتی ایمبیسی کو خط لکھ رہے ہیں کہ پاکستانی صحافیوں کو وہاں جانے کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ویزا فیس بھی کم کر دی ہے برطانوی شہریوں کیلئے ویزا فیس ساڑھے تین سو پاؤنڈ تھی جو اب کم کر کے آٹھ ڈالر کر دی ہے ۔ 10 مئی کو بیجنگ میں نمائش ہو رہی ہے وہاں بھی ہم شرکت کرینگے ۔ ابھی وزیراعظم کی گلوبل لیڈر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں 125 لوگ شامل تھے
حالات اب بہتری کی طرف جا رہے ہیں دو ہوائی اڈوں پر مسافر شناس سسٹم لگ گیا ہے لاہور اور کراچی کے بعد دیگر ایئر پورٹوں پر بھی یہ سسٹم نصب کر دیا جائیگا۔ اس سال لوگوں کو پاکستان آنے کا ٹارگٹ زیادہ بڑا نہیں ہے تاہم اگلے سالوں میں یہ بڑھے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی پالیسوں پرٹائم ٹو ٹائم ریویو کرنا چاہئے تھا عمران خان پر دنیا اعتماد کرتی ہے سول ملٹری تعلقات جتنے اچھے آج ہیں پہلے کبھی نہیں تھے سارے ادارے ایک پیج پر ہیں جو پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں سوچ سمجھ کر بنا رہے ہیں
بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ایک خصوصی ڈیسک قائم ہے جو بھی غیر ملکی انویسٹمنٹ آتی ہے وہ اس کو دیکھتا ہے سیکیورٹی حالا ت بھی جیسے دس سال پہلے تھے ویسے اب نہیں رہے اب بہت بہتر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جو دہشتگردی ہو رہی ہے ساری دنیا کے سامنے ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا کا قومی دھارے میں شامل ہونا نیشنل ایکشن پلان کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔ سوات سے وزیرستان تک حالات بہت بہتر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم افورڈ نہیں کر سکتے کہ
پاکستان ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں آئے انشاء اللہ تھوڑے ہی عرصے میں سو فیصد بہتر ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات بہت اچھے جا رہے ہیں کابل میں جو حکومت بننے جا رہی ہے اس سے یقینی طور پر ہمیں فائدہ ہو گا ۔ ہم کوشش کر کے بین الاقوامی میڈیا کو واپس لا رہے ہیں ایک سوال کے جواب میں افتحار درانی نے کہا کہ بعض لوگ پنجاب کے حوالے سے جو منجن بیچ رہے ہیں یہ پانچ سال کے پی میں بھی بیچ چکے ہیں اور الیکشن کے دوران یہ مہم بھی چلائی کہ
پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا لیکن وہ دیکھ لیں کے کے پی لوگوں نے الیکشن میں پی ٹی آئی کو دو تہائی اکثریت دی ۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی بلاول بھٹو نے میاں نواز شریف کو پیش کش کی ہے کہ وہ سندھ میں آ کر علاج کرائیں میں کہتا ہوں کہ میاں صاحب دل کے مریض ہیں بلاول کی طرف سے اس قسم کی بات کر کے میاں صاحب کو ڈرانا مناسب بات نہیں ۔ نیب سے متعلق بلاول بھٹو نے جوکچھ کہاہے نیب جانے اور پیپلز پارٹی جانے ۔جیل بھرو تحریک کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہاکہ
بلاول بھٹو زر داری کو جیل بھروتحریک فوری طورپر لاہور سے شروع کر نی چاہیے اور وہ امیدوار جن کی الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہوئی ہیں تاکہ وہ جیل جا سکیں ۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں تو ان لوگوں نے جیل جانا ہی ہے ۔کے پی کے ،بلوچستان اور پنجاب کے حوالے سے میری جیل حکام سے بات ہوئی ہے کہ کتنے کمروں میں یہ لوگ آ جائیں گے تو بتایا گیاکہ ان سب کیلئے ایک بیرک ہی کافی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ
پی ٹی وی کا نیا ایم ڈی اگلے دو ہفتے میں لگا دیا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ ملٹری کورٹ کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کام کررہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں افتخاردرانی نے کہاکہ ایوان کے ماحول میں اپوزیشن پروڈکشن آرڈر مانگ رہی ہے ،ان کی واحد گفتگونیب ، پروڈکشن آرڈر پر اور کارروائی پر ہے ۔جہاں تک ایوان کی کارروائی کا تعلق ہے تو وزیر اعظم نے ایوان میں جاکر پالیسی بیان دیا اور پاکستان کا موقف واضح کیا ۔