لاہور ( این این آئی) پنجاب حکومت نے لاہور کے علاقہ مسلم ٹاؤن پر سرکاری رہائش گاہیں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ،دو ہزار کنال زمین پر فلیٹس، کمرشل ملٹی سٹوریز بلڈنگیں تعمیر ہونگی، رہائشی افسران اور ملازمین سے مذاکرات شروع کر دیئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم ٹاؤن سے وحدت روڈ زمین پر سرکاری رہائش گاہیں، پارکس،گرین بیلٹ بنی ہیں جہاں ایس این جی اے ڈی کے افسران اور ملازمین رہائش پذیر ہیں۔پنجاب حکومت نے سرکاری زمین کو کمرشل بنیادوں پر استعمال
کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اس ضمن میں ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے رہائشی افسران وملازمین سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ۔رہائش گاہیں چھوڑنے پر افسران و ملازمین کو مالکانہ حقوق پر فلیٹس ملیں گے ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہ پانچ سو کنال پر فلیٹس ،پندرہ سو کنال زمین کمرشل استعمال ہوگی ، منصوبے سے کمرشل سرگرمیاں اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوگا ، سرکاری ملازمین کو جدید اورتمام سہولتیں میسر ہوں گی۔