کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں مغرب سے بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ہونے والی بارشوں سے ندی نالوں میں ایک مرتبہ پھر طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں مغرب سے بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا ہے جس کے تحت ہفتے کی رات سے بلوچستان میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، بارشوں اور برفباری
کا سلسلہ اتوار کی رات تک جاری رہے گا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی عبدالرشید کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے تحت کوئٹہ میں تیز بارشوں کا امکان ہے لیکن کراچی اور گرد و نواح میں اتوار کو صرف بوندا باندی ہوسکتی ہے۔بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی پر پی ڈی ایم اے کی جانب سے خصوصی ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے جس میں مکران، قلات، کوئٹہ، سبی، رخشان اور ڑوب ڈویڑن میں پی ڈی ایم اے کے اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ۔