اسلام آباد(آن لائن )سابق حکومتوں کی غفلت اور کاروبار دوست پالیسیاں نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ 10 سالوں کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دس سالوں کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری 3 ارب 83 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 1 ارب 45 کروڑ ڈالر پر آگئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق امریکہ سے ایف ڈی آئی 869 ملین ڈالر سے کم ہو کر 136 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ حکومت نے رواں مالی سال کے لیے امریکہ سے 58 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا ہے۔ برطانیہ سے سال 2008-9میں 263 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جو اب 2017 -18میں 307 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسی طرح یو اے ای UAEسے سرمایہ کاری 178ملین ڈالر سے کم ہو کر 59 ملین ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ جاپان کے ساتھ 2008-9میں سرمایہ کاری 74ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی جو اب کم ہو کر 66 ملین ڈالر کی سطح پر آگئی ہیہانگ کانگ سے سرمایہ کاری میں دس سالوں کے دوران 125ملین ڈالر کی کمی ہوئی۔سوئٹزرلینڈ سے 210 ملین ڈالر ،آسٹریلیا سے 87ملین ڈالر آسٹریا سے 14 ملین ڈالر، سعودی عرب سے 86 ملین ڈالر کویت سے 12 ملین ڈالر جرمنی سے 48 ملین ڈالر،ملائیشیا سے 208 ملین ڈالر فرانس کے ساتھ 3 ملین ڈالر کی کی ریکارڈ کی گئی جبکہ دستاویزات کے مطابق دیگر ممالک سے 2008-9 میں سرمایہ کاری ایک ارب 76 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی جو اب کم ہو کر 61 ملین ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق گزشتہ دس سالوں میں چین ، ہالینڈ، اٹلی اور کوریا کے ساتھ سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے ۔چین نے 2008-9میں 101 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی جو اب بڑھ کر 825ملین ڈالر کی سطح پر آگئی ہے ۔اٹلی نے ایک ملین ڈالر سے 3 عشاریہ 1 ملین ڈالرکوریا سے گزشتہ دس سالوں کے دوران 67 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔