اسلام آباد( این این آئی) حکومت کی ہدایت پر فیڈرل بورڈ آف ریو نیو اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ملک بھر میں منی لانڈرنگ کے زیر التوا ء مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں،یہ فیصلہ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اقدامات کے سلسلے میں کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے حکومت کے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلے میں ملک بھر سے منی لانڈرنگ کے
مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ایف بی آر اور ایف آئی اے نے خطوط ارسال کر دیئے ہیں۔ایف بی آر نے خط میں لکھا ہے کہ منی لانڈرنگ کے تمام زیر التوا ء کیسز کی تفصیلات بتائی جائیں، اگر کسی کیس میں عدالت کا حکم امتناع ہو تو بھی آگاہ کریں۔یہ بھی بتایا جائے کہ حکم امتناع سپریم کورٹ نے دیاہے یا ہائیکورٹ نے؟ اورحکم امتناعی ڈیوٹی یا ٹیکس کی کتنی رقم پر دیا گیاہے۔