اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے نجی چینلز پر بھارتی مواد نشر کرنے سے روک دیا،عدالت نے بھارتی مواد نشر کرنے کی اجازت کا ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی معطل کر دیا ،بھارتی مواد پر پابندی ہٹانے کیخلاف پیمرا کی اپیل سماعت کیلئے منظورکرلی گئی ،اس موقع پر سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ کیا اب بھی آپ لوگ بھارتی مواد دیکھنا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل پیمرا نے کہاکہ 2006 میں بھارت 10 فیصد غیر ملکی مواد
نشر کرنے کی پالیسی آئی، بھارتی مواد کی نشریات پاکستانی مواد انڈیا میں نشر کرنے سے مشروط تھی، وکیل پیمرا نے عدالت کو بتایاکہ بھارت میں پاکستانی مواد نشر کرنے کی پابندی ہے، بھارت میں پابندی کے باعث پاکستان میں بھی پابندی عائد کی گئی،اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ہائی کورٹ کو پیمرا کے اختیارات میں مداخلت کا اختیار نہیں جس کے بعد سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔