اسلام آباد(این این آئی) پاکستان اور چین نے تیل و گیس کے ورکنگ گروپ کو فعال کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ چینی سفیر یاؤجنگ نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے ملاقات کی جس میں تیل و گیس کے ورکنگ گروپ کو فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پیٹرولیم ڈویژن میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان میں چین کے سفیر یاؤجنگ نے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے
میں سرمایہ کاری کے لئے ترغیب دیں گے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے ملاقات کو مثبت اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے باہمی رابطوں کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی علامت ہے.انہوں نے کہا کہ تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ملاقات میں ہونے والے ساوتھ نورتھ پائپ لائن کے معاہدے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی.