اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کے اجلاس دور ان ارکان کی کم تعداد پر ایم ایم اے کے رکن عبد الکبر چترالی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واک آؤٹ کا اعلان کر دیا ۔ جمعرات کو اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں صرف 22 ارکان موجود تھے ۔ اجلاس میں ارکان کی کم تعداد پر ایم ایم اے رکن عبدالکبر چترالی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایوان ایسے لگ رہا ہے جیسے مخصوص نشستوں سے ہی چلایا جارہا ہے لہذا معاملے پر ایوان سے واک آؤٹ کرتا ہوں۔اس موقع پر
سپیکر نے کہاکہ آپ تشریف رکھیں، چترالی صاحب! آپ کو بھرپور موقع دونگا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ خواتین ارکان کا بڑی تعداد سے ایوان میں بروقت آنا بہت اچھا ہے۔ ارکان کی کم تعداد پر ایوان میں شیخ فیاض الدین نے کورم کی نشاندہی کردی جس پر سپیکر نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے فیصلہ تھا کہ وقفہ سوالات میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائیگی۔سپیکر نے کورم پورا ہونے تک ایوان کی کارروائی عارضی طور پر موخر کردی۔ بعدازاں کورم پورا ہونے پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی ۔