راولپنڈی (این این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن پاکستان کیلئے اہم ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔جمعرات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل آسٹن اسکاٹ مِلر نے ملاقات کی۔ملاقات میں امریکی
صدر کی نائب معاون لیزا کرٹس اور امریکی ناظم الامور بھی موجود تھے۔ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغان امن و مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ امریکی وفد نے امن عمل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کیلئے اہم ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔