اسلام آباد(وائس آف ایشیا) پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ سیاسی ماحول کے اندر گالم گلوچ بہت زیادہ ہو گئی ہے اور اس وجہ سے لیڈر آف اپوزیشن کو پارلیمنٹ سے جانا پڑ رہا ہے کیونکہ وہاں گالم گلوچ ہو رہی ہے۔ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ میں عمران خان اور آصف زرداری کی بھی بہت عزت کرتا ہوں لیکن میری پولیٹیکل ڈکشنری میں جن الفاظ کے ساتھ تضحیک جڑی ہوئی ہے وہ گالم گلوچ میں شمار ہوتے ہیں۔
جس پر اینکر نے کہا کہ آپ کی جماعت کے صدر شہباز شریف نے بھی ماضی میں ایسے بیان دئیے تھے کہ میں آصف زرداری کے پیٹ سے پیسہ نکالوں گا اور اسے سڑکوں پر گھسیٹوں گا جس پر ملک احمد خان نے شہباز شریف کے اس بیان کو غلط قراردیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے غلط کیا۔واضح رہے ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف بیان دینے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہو گئی ہیں جب کہ شہباز شریف اور آصف زرداری نے بھی ہاتھ ملا لیا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کوٹف ٹائم دینے کیلئے اتحاد کرلیا ہے، سابق صدر آصف زرداری نے ایک سوال پر بتایا کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد ہوگیا ہے،اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ لائحہ بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔شہباز شریف نے آصف علی زرداری کا چیمبر کے دروازے پر آکر استقبال کیا۔ اس موقع پر میاں شہباز شریف کی طرف سے اپوزیشن رہنماؤں کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔اجلاس میں تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتیں قومی ایشوز پر اتفاق رائے سے چلیں گی۔