اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سی پیک کا دائرہ کار بھارت تک بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ذاتی مفادات سے آگے بڑھ کر سوچے تو سی پیک کا دائرہ کار بھارت اور اس سے آگے تک بڑھایا جاسکتا ہے‘ 21ویں صدی کی عالمی معیشت میں سی پیک بنیادی مرکز ہوگا‘ چینی صدر شی جنگ پنگ کے وژن کے مطابق چین کو اکیسویں صدی میں عالمی سطح پر اہم کردار ادا کرنا ہوگا‘ چین‘ سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے مشکل وقت میں
پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ بدھ کو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ چین‘ سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا سی پیک پاکستان اور خطے کیلئے نہایت اہم منصوبہ ہ ے۔ سی پیک ون بیلٹ اینڈ روڈ کا نہایت اہم حصہ ہے۔ چینی صدر کو اس بات کا اندازہ ہے اور ان کا وژن ہے کہ اکیسویں صدی میں چین عالمی سطح پر ایک اہم کردار ادا کرے گا۔ سی پیک پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ معاہدہ ہے لیکن پاکستان اور چین کی قیادت نے مل کر فیصلہ کیا ہے کہ سی پیک میں تیسرے ملک کو بھی سرمایہ کاری اور ترقی کے لئے شامل کیا جائے گا۔ سی پیک کا بنیادی مقصد پورے خطے کی ترقی ہے۔ آنے والے وقتوں میں اگر بھارت میں موجود قیادت تاریخ اور افسانوی کہانیوں سے نکل کر حقیقت میں آئے گی اور جب بھارتی قیادت اپنے مفادات سے باہر نکل کر خطے کی ترقی کا سوچے گی تو سی پیک کا دائرہ کار بھارت اور اس سے آگے تک بڑھایا جاسکے گا۔ سی پیک اکیسویں صدی کی عالمی معیشت کا بنیادی مرکز ہوگا۔ا انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سی پیک سے صرف فائدہ نہیں اٹھانا بلکہ اس کا کردار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔