اسلام آباد(آن لائن)سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے ) کی تکنیکی کمیٹی نے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر نصب 27 پسنجر بورڈنگ بریجز کو مسافروں کے لئے خطرہ قرار دے دیا ہے ۔ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے تشکیل شدہ انکوائری کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر بورڈنگ بریجز کا معائنہ کیا گیا جب اکتوبر 2018 ء میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک بورڈنگ بریج منہدم ہو گیا تھا ۔ اس حادثے میں ایک مسافر زخمی ہو گیا تھا لیکن غیر ملکی ایئرلائنز کا ایک جہاز محفوظ رہا ۔سی اے اے
کے ایک سینئر افسر نے کہا ہے کہ یہ رپورٹ ایوی ایشن ڈویژن کو بھیج دی گئی ہے اور ان بریجز کی خطرناک صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے بریجز کے کنٹریکٹر کی ڈی ایل پی ایک سال سے دو سال تک بڑھا دی ہے ۔ تکنیکی کمیٹی نے مختلف ایئرپورٹوں کے بریجز میں 40 نقائص کی نشاندہی کی تھی جن میں مختلف پرزہ جات کیبن سروس کی سیڑھیاں شٹر وغیرہ شامل ہے ۔ کمیٹی نے کراچی ایئرپورٹ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مزید محتاط رہیں تاکہ پسنجر بریجز کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔