کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے علاقے کلفٹن کے ایک ریسٹورنٹ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کے والدین نے ذمہ داروں کو معاف کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچوں کی ہلاکت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں گرفتار ملزمان کے علاوہ بچوں کے والدین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان کی
جانب سے عدالت میں درخواست ضمانت دائر کی گئی ، اس موقع پر بچوں کے والدین نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے ذمہ داروں کو معاف کردیا ہے اور مزید کوئی کارروائی نہیں چاہتے۔عدالت میں وکیل خواجہ نوید نے بتایا کہ کیس کے معاملے پر دونوں فریقین میں سمجھوتہ ہوگیا ہے، جس پر جج سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ سمجھوتے کی نقول ٹرائل کورٹ میں پیش کی جائیں۔واضح رہے کہ کراچی میں مذکورہ بچوں کی موت کی وجہ فوڈ اتھارٹی نے زہر خورانی بتائی تھی۔