لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت میں صوبہ ڈیڑھ سو ارب روپے کا مقروض تھا جو اب بارہ سو ساٹھ ارب روپے کا مقروض ہے، آج (بدھ) سٹینڈنگ کمیٹی کے معاملات پر اجلاس ہو گا ،اپوزیشن کو قواعدو ضوابط کے مطابق آگے لیکر چلنا ہے ،صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ن لیگ کا پھیلایا ہوا گند صاف کررہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر قانون بشارت نے کہا کہ قوم کو یقین ہے کہ قیادت صاف ستھرے آدمی کے ہاتھ میں ہے،ہم نے نئی گاڑی نہیں خریدنی بلکہ سیکرٹریز یا وزرا کو قواعدو ضوابط کے گاڑیاں دیں گے جن سیکرٹریز یا وزراء کی گاڑیاں پرانی ہیں انہیں نئی دیں گے۔انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی حکومت میں صوبہ ڈیڑھ سو ارب روپے کا مقروض تھا اب صوبہ بارہ سو ساٹھ ارب روپے کا مقروض ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج (بدھ ) سٹینڈنگ کمیٹی کے معاملات پر اجلاس ہو گا ،حکومت کا باقاعدہ فیصلہ ہے کہ اپوزیشن کو قواعدو ضوابط کے ساتھ آگے لے کر چلنا ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپیکر نے پینل آف چیئرمین کی تعیناتی کی تھی ، ہاؤس کو رولز کے مطابق چلائیں گے ۔صوبائی وزیر اختر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ترکی کا دورہ کامیاب رہا ۔ایک سو بیس دنوں میں حکومت نے آدھی دنیا کو انگیج کیاہے ،قوم کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کا پھیلایاہواگندصاف کررہے ہیں جن معاملات پر کام ہوناچاہیے تھا وہ نہیں ہوا ،مسلم لیگ (ن) نے توانائی کے گندوالے اور ایسے منصوبے شروع کئے جن میں کمیشن تھا۔ہم سولر ہائیڈرو اور ونڈز توانائی کے منصوبے شروع کریں گے۔