لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کا نوٹیفکیشن جعلی ہے ، صوبہ بھر میں تمام تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں ،نئے سکول بنانے کی بجائے سب سے پہلے خطرناک سکولوں کی عمارتوں کو ٹھیک کریں گے ۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی تعطیلات میں مزید توسیع کے حوالے سیجعلی ٹوئٹ اور نوٹیفکیشن سے والدین اور بچے پریشان رہے۔پہلے جب توسیع کی گئی تو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں
کے اساتذہ کی تنخواہ اچھی ہے لیکن پرائیویٹ سکولوں میں تنخواہیں اچھی نہیں ،پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ شکایات لے کر آئے تو انہیں سنا جائے گا اور مسئلہ حل کرائیں گے ۔نجی سکولوں میں اساتذہ کی چھ ،چھ اور بارہ ،بارہ ہزار تنخواہیں ہیں جو حیران کن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پونے دو ماہ میں نیا سافٹ وئیر بنالیاہے ،سکول کے طلبہ، اساتذہ اور مسنگ فیسلٹی کو موبائل پر دکھائیں گے، نئے سکول بنانے کی بجائے سب سے پہلے خطرناک سکولوں کی عمارتوں کو ٹھیک کریں گے ۔کمبینیشن بنائیں گے مذہب اور اقبالیات کو ملاکر لائیں گے۔