کراچی(نیوز ڈیسک)شہرقائد میں طلاق کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوگیاہے سال2018میں کراچی کے 5اضلاع کی عدالتوں میں خلع ، طلاق ، بچوں کی حوالگی سمیت ساڑھے دس ہزار سے زائد کیسز داخل ہوئے اورلگ بھگ 2800 سے زائد نمٹائے گئے ۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ضلع شرقی کی عدالتوں میں 3043مقدمات داخل کئے گئے۔غربی میں 2150، جنوبی کی عدالتوں میں 1648اور ضلع وسطی کی عدالتوں میں 2100مقدمات دائر کیے گئے ۔سال2017 میں یہ تعداد ایک ہزار کم تھی۔ یعنی 2017میں کراچی کی
عدالتوں میں 9500فیملی کیسز فائل ہوئے۔2016 میں دائر ان کیسوں کی تعداد 9000تھی۔فیملی کیسز کی پیروی کرنے والے وکلاء نے کہاکہ طلاق یا خلع کی صورت میں 2 زندگیاں اپنی مرضی سے الگ تو ہوجاتی ہیں لیکن یہ فیصلے بچوں پر شدید اثرات ڈالتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ معاشرے میں بڑھتی عدم برداشت طلاق اور خلع میں اضافہ کا سبب ہے۔ خاندان ایک معاشرے کی اکائی ہوتا ہے، یہ بکھرتا ہے تو معاشرہ بھی اثر انداز ہوتا ہے۔ برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جائے تو خاندانی نظام کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔