لاہور(اے این این) پنجاب کے وزیر اطلاعات و نشریات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرپشن کی بارات مفاہمتی ٹرین میں سوار تھی جو اب احتساب کے پانی میں ڈوب چکی ہے اور ڈوبنے والے شور مچا رہے ہیں مگرکسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں، عمران خان شاہین صفت رہنما ہیں۔ عمران خان کبھی پاکستان کا نام ڈوبنے نہیں دے گا۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کو پوری دنیا میں عزت و وقار دلائے گا، وہ پاکستان کا مستقبل سنوارنے آئے ہیں۔ عمران خان کو عوام نے منتخب کیا ہے اور وہ کسی چور، نوسرباز کی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں ہیں۔ اپوزیشن کان کھول کر سن لے کہ عمران خان قوم کا ہیرو ہے اور وہ اپنے خاندان کو سنورانے نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں سے کرپشن کی بارات مفاہمت کی ٹرین میں سوار تھی جو اب 18 ویں ترمیم اور دوسری چیزوں کو رونا رو رہے ہیں۔ عمران خان ورلڈ کپ کی طرح پانچ سالوں میں پاکستان کی سیاست کو پوری دنیا میں روشن کر دیں گے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ فواد چوہدری یا میں کوئی ایک بھی بیان دیتے ہیں تو اپوزیشن کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔ عدالتوں میں مقدمات کے باوجود ڈیل کے ذریعے کرپٹ لوگ بھاگ رہے تھے جبکہ حمزہ شہباز بھی پتلی گلی سے بھاگنے کے چکر میں تھے۔