اسلام آباد(این این آئی)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی رپورٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی میں بینکوں کے ملازمین کے ایک گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں حالیہ دنوں میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی نے چار صفحات پر مشتمل سوالات اور ابتدائی تحقیقات جاری کردیں۔ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں پاکستانی روپے
کی قیمتیں گرانے میں بینکوں کے ملازمین کے ایک منظم گروہ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ڈالرز کو نیویارک ایجنٹ کے ذریعے روک کر مصنوعی بحران پیدا کیا گیا جس میں اسٹیٹ بینک کا عملہ بھی ملوث ہے۔قائمہ کمیٹی کی ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک کے علاوہ نجی اور کمرشل بینکوں کے ملازمین کا منظم گروہ مارکیٹ میں ڈالر کی مصنوعی کمی پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔ کمیٹی نے اس حوالے سے سفارشات بھی پیش کیں۔