اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ داعش کی طرف سے 17دسمبر کو افغانستان سے چمن کے راستے ایک خودکش بمبار پاکستان بھیجا گیا ہے۔روزنامہ خبریں کے مطابق احترام خان المعروف عمر پاکستانی ہے جس نے سفید ٹوپی اور سفید ہی جاگر‘ براﺅن شلوار قمیص اور سبز رنگ کی چادر اوڑھی ہوئی ہے جس کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کا نمبر 21604-8380453-7 ہے۔
باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ خودکش بمبار کی طرف سے کرسمس کے موقع پر مذموم کارروائی کا خدشہ تھا جو سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر کے ناکام بنا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ بمبار ممکنہ طور پر لاہور میں کارروائی کر سکتا ہے۔ اس خودکش بمبار کے 18دسمبر کو ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں دیکھے جانے کی بھی اطلاعات ملی تھیں۔ مراسلہ میں حکومت نے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اس مبینہ خودکش بمبار کو گرفتار کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔